یوبی ایل کے تحت 10ویں لٹریچر اینڈ آرٹس ایوارڈز

Nov 20, 2022


کراچی (کامرس رپورٹر) دسویں یو بی ایل لٹریچر اینڈ آرٹس ایوارڈز کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا‘ جس میں میڈیا‘ سوشلائٹس‘ مشہور ادبی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس ایڈیشن کے ساتھ یو بی ایل لٹریچر ایوارڈز نے فن کے شعبے میں ایوارڈز دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ بینک مستقبل میں یہ ایوارڈز موسیقی‘ اداکاری اور گلوکاری کے شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو بھی ایوارڈز دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس سال بھی ڈرامہ اسکرپٹ کی کیٹیگری کو متعارف کرایا گیا ہے جو اس کے سابقہ ایوارڈز کا حصہ نہیں تھی ‘ اس طرح سے یو بی ایل لٹریچر اینڈ آرٹس ایوارڈز ادب اور فنون کے شعبوں کی حوصلہ افزائی کرنے والا سب سے جامع پاکستانی ایوارڈز بن گیا ہے۔اس سال ایوارڈ ز کی تیرہ کیٹیگریز کے لئے پاکستان بھر سے سینکڑوں نامزدگیاں موصول ہوئیں۔ تقریب کے دوران‘ ان میں سے ہر ایک کیٹیگری کے فاتحین کو ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں ایوارڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ اردو کیٹگریز کے لئے جیوری ممبران میں ڈاکٹر اصغر ندیم سید‘ ڈاکٹر ارفع سیدہ‘ ڈاکٹر انوار احمد‘ کشور ناہید اور ڈاکٹر ناصر عباس نیئر شامل تھے جبکہ انگلش کیٹیگریز کے جیوری ممبران میں غازی صلاح الدین اور منیزہ شمسی شامل تھے۔لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کیلئے صدر یوبی ایل شہزاد داد کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا ‘ اس اعزاز کے حقدار معروف مصنف انور مقصود قرار پائے۔

مزیدخبریں