فٹبال کا عالمی میلہ  قطر  میں سج گیا  شاندار افتتاحی تقریب آج   صدر فیفا کا مغرب  پرمنافقت کا الزام 


کراچی(اسپورٹس رپورٹر )  فیفا ورلڈ کپ 2022ء کا میلہ سج گیا ‘ دنیا بھر سے شائقین قطر پہنچ گئے ،میگا ایونٹ کے مقابلے آج سے عرب ملک قطر میں منعقد ہوں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ایکواڈور اور قطر کے درمیان البیت سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ٹورنامنٹ کے آغاز پر شاندار افتتاحی تقریب ہو گی جس میں دنیا بھر سے معروف فنکار اپنی پرفارمنس کا شاندار مظاہرہ کریں گے ۔ انگلش، ہسپانوی اور عربی میں دھن کے ساتھ سنگل "تکوہ ٹکا" ترانہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل جاری کر دیا گیا۔ہپ ہاپ سٹار نکی میناج نے قطر میں ورلڈ کپ کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک میں تازہ ترین اضافے کیلئے کولمبیا کی گلوکارہ، نغمہ نگار مالوما اور لبنانی گلوکارہ میریم فیرس کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔یہ 2022 ورلڈ کپ کے فیفا کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک کے حصے کے طور پر جاری کیے گئے دنیا بھر کے فنکاروں کے گانوں کی ایک سیریز میں تازہ ترین ہے۔مالوما اور میریم فیرز نے دوحہ میں فیفا فین فیسٹیول کے افتتاحی موقع پر پرفارم کیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطی کا کوئی ملک اس عالمی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے اور ایسا بھی پہلی بار ہو رہا ہے کہ ورلڈ کپ مقابلے موسمِ سرما میں منعقد ہو رہے ہیں۔فائنلز کیلئے  32 ٹیموں کو چار، چار کے آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 12 دن جاری رہنے والے مقابلوں کے گروپ مرحلے میں روزانہ چار میچ کھیلے جائیں گے اور ہر گروپ سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔فیفا کے صدرگیانی انفنٹینو نے ورلڈ کپ کے موقع پر قطر کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کے بارے میں اپنی رپورٹنگ میں مغرب پر "منافقت" کا الزام لگایا ہے۔دوحہ میں نیوز کانفرنس میں تقریباً ایک گھنٹے تک بات کی اور قطر اور ٹورنامنٹ کا پرجوش دفاع کیا۔سوئٹزرلینڈ میں پیدا ہونے والے انفنٹینو نے کہا کہ یورپی ممالک کو قطر میں تارکین وطن کارکنوں کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے اپنی تاریخ میں کیے گئے اقدامات پر معافی مانگنی چاہیے۔آج مجھے شدید احساسات ہیں۔ آج میں قطری محسوس کرتا ہوں، میں عربی محسوس کرتا ہوں، میں افریقی محسوس کرتا ہوں، میں ہم جنس پرست محسوس کرتا ہوں، میں معذور محسوس کرتا ہوں، میں ایک مہاجر کارکن محسوس کرتا ہوں۔

ای پیپر دی نیشن