قانون نے سزاکامستحق ٹھہرایا تو عمران خان کو سزا دی جائے گی، انوارالحق کاکڑ

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو قانون نے سزا کا مستحق ٹھہرایا تو انہیں سزا دی جائے گی۔نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ 9 مئی کو فوج نے صبر و تحمل سے کام لیا، یہاں کوئی اذیت پسند لوگ نہیں جنہیں عمران خان سے ذاتی بدلہ لینا ہو، وہ جیل میں بالکل محفوظ ہیں، سنگین الزامات لگانے سے پہلے دس بار سوچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہماری قانونی ذمے داری ہے ہم پی ٹی آئی چیئرمین کی حفاظت کو یقینی بنائیں، اگر قانون انہیں کسی سزا کا مستحق ٹھہراتا ہے تو سزا بھی قوانین کے پیمانے میں رہتے ہوئے دی جائے گی۔نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات ہونے جا رہے ہیں، لہٰذا ہم کوشش کر رہے ہیں کہ الیکشن شفاف ہوں۔پی پی کے لیول پلیئنگ فیلڈ کے الزامات پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اپنے ووٹر کے سامنے خود کو مظلوم بنا کر پیش کرنا اور ووٹرز کو اپنی جانب متوجہ کرنا کسی بھی سیاسی جماعت کے بیانیے کا حصہ ہو سکتا ہے۔غیر ملکیوں کے انخلا سے متعلق میں ان کا کہنا تھا کہ ہم افغان عبوری حکومت سے مختلف ذرائع رابطے میں ہیں اور وہ اچھے طریقے سے جانتے ہیں تحریک طالبان پاکستان کہاں موجود ہے۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اگر کوئی پاکستان کے عام عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملہ آور ہوگا تو اس کا جواب دیا جائے گا، ہم اسے خاموشی سے برداشت نہیں کریں گے۔نگراں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم مذاکرات سے قطعاً انکار نہیں کررہے لیکن اگر کوئی واقعتاً سنجیدہ انداز میں مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو سب سے پہلے انہیں غیر مشروط ہتھیار پھینکنا ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن