الیکشن کمشن پر اعتماد، ملک شفاف انتخابات کی طرف گامزن، پیپلز پارٹی اکثریت حاصل کرے گی: زرداری

Nov 20, 2023

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مجھے الیکشن کمشن پر پورا اعتماد ہے۔ ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے۔ ایک بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہے اور مجھے الیکشن کمشن پر پورا اعتماد ہے کہ وہ شفاف الیکشن کرائے گا۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ہر ماحول میں الیکشن لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پورا یقین ہے کہ آٹھ فروری کو پیپلز پارٹی ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔ سابق صدر نے کہا کہ ملک کا ماحول اس وقت انتخابات کیلئے سازگار ہے اور الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔ کراچی سے پشاور تک تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ دریں اثناءآصف علی زرداری سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی۔ آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران ایرانی سفیر کے ساتھ قونصل جنرل حسن نوریان بھی موجود تھے۔ آصف زرداری اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ سابق صدر اور ایرانی سفیر کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا۔ ملاقات کے موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں