پاکستان کا اقوام متحدہ سے فلسطینیوں کے تحفظ کیلئے میکانزم کا مطالبہ: پاکستانی مندوب

 نیویارک (این این آئی)پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ غزہ میں جارحانہ اسرائیلی حملوں کو روکنے اور فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر میکانزم وضع کیا جائے، تنازعہ کے پرامن حل کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کی جائیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو ایک غیر رسمی اجلاس میں بتایا کہ غزہ کے لوگ اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں تاکہ انہیں محصور علاقہ میں مزید اموات اور تباہی سے بچایا جا سکے۔پاکستانی سفیر نے مجوزہ میکانزم کے حوالہ سے کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق قائم کیا جائے۔سفیر منیر اکرم نے کہاکہ بین الااقوامی اور انسانی حقوق کے وہ قوانین جو شہریوں اور شہری املاک کے تحفط کی ضمانت دیتے ہیں ،کےاطلاق کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے 193 رکنی اسمبلی کو بتایا کہ11ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جن میں سے دو تہائی خواتین اور بچے ہیں۔ انہوں نے کہا اسرائیلی بمباری سے اب تک غزہ میں 27 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 1.6 ملین سے زائد غزہ کے باشندے بے گھراور41ہزار سے زائد رہائشی یونٹ تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے آدھے سے زیادہ ہسپتال ایندھن کی کمی، نقصان، حملوں اور عدم تحفظ کی وجہ سے غیر فعال ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل اپنے حملوں سے سکولوں اور عبادت گاہوں کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن