کراچی (نیٹ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی وسیم قریشی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ انہوں نے یہ اعلان پیپلز پارٹی کے کراچی میں ہونے والے جلسہ میں کیا۔ وسیم قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج میں نے 36 سالہ ایم کیو ایم کی رفاقت چھوڑی۔ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت میں فیصلے کرنے کی طاقت نہیں۔ سینئر کارکنوں کو دیوار سے لگایا گیا۔ آج ایم کیو ایم سینٹرل کی دیوار سے ایک اینٹ گر گئی ہے۔ کنوینرایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے سازشیں دم توڑ چکی ہیں، پیپلزپارٹی کا شکریہ اس نے ہمارا کچرا اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ 9 فروری کو ہم یوم تشکر منائیں گے، آپ کی استقامت جیت گئی ہے، جو لوگ کہہ رہے تھے ایم کیو ایم تقسیم ہو رہی ہے ہم کہہ رہے تھے ایم کیو ایم کی تجدید ہو رہی ہے، ہم لاہور بتانے گئے تھے ہمیں حکومت نہیں انصاف چاہئے۔ یہ نکھرتی ہوئی ایم کیو ایم پاکستان کے چہرے کو نکھار دے گی، کچھ لوگوں نے اس شہر کا منہ لہو سے دھویا، آج یہ شہر پورے پاکستان کی عوام کو آزادی کی نئی نوید دے رہا ہے، یہ وطن غلامی کے لئے نہیں آزادی کے لئے بنا تھا۔
متحدہ کے ایم پی اے وسیم قریشی پی پی میں شامل: شکریہ، ہمارا کچرا اٹھایا: خالد مقبول
Nov 20, 2023