شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے ہمراہ ضلعی صدر (ن) لیگ سابق رکن صوبائی اسمبلی و امیدوار پی پی 141 محمد عارف خان سندھیلہ نے میاں محمد شریف کی قبر پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی و بلندی درجات کی دعا کی ہے۔ قبر پر حاضری کے بعد میاں محمد نواز شریف سے محمد عارف خان سندھیلہ نے خصوصی ملاقات کی اور ان سے تنظیمی و سیاسی امور سمیت انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ شریف خاندان سے سیاسی وابستگی کے علاوہ دیرینہ تعلقات ہیں اور خاندان کے افراد نے ہمیشہ فیملی ممبر کا درجہ دیا ہے بلکہ کلثوم نواز مرحومہ مجھے اپنے بھائی کا درجہ دیتی تھیں۔ میاں محمد شریف مرحوم کی میت جب بیرون ملک سے پاکستان پہنچی تو اسے رسیو کرنے سمیت تدفین کے تمام مراحل میں بھی میں خود موجود رہا۔ شریف خاندان کی سیاسی خدمات نہ صرف ناقابل فراموش ہیں بلکہ سماجی خدمات میں بھی اس خاندان کا کوئی ثانی نہیں۔ میاں محمد شریف مرحوم کی ساری زندگی بھی سماجی خدمات سے بھری پڑی ہے۔ جبکہ میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف سمیت خاندان کے دیگر افراد نے میاں محمد شریف کے عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھا اور آج تک سرگرم عمل ہیں۔