اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بچانے کے لیے کوئی مخلص نہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 25 نومبر کو بانی پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد ہوجائے گی۔ 24 نومبر کا جلسہ مکمل طور پر فلاپ ہونے جا رہا ہے۔ اگر یہ آ بھی جاتے ہیں تو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہیں ایک مخصوص مقام بیٹھنے کیلئے دے دیا جائے گا۔ یہ صرف پکنک منانے اسلام آباد آرہے ہیں کچھ غلط کرنے کا ارادہ کیا تو عدالتیں آ جائیں گی۔ پی ٹی آئی میں جانبداری عروج پر ہے۔ ایک مخصوص ٹولہ عمران خان کی تکلیفوں کو بڑھا رہا ہے۔ باہر بیٹھ کر یہ لیڈرشپ اقتدار اور پیسہ بنانے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سے 7 ہزار لوگ مشینری لا کر وفاق پر چڑھائی کی بات کررہے ہیں۔ روز کوئی نہ کوئی آخری کال آ جاتی ہے۔ ابھی 24 نومبر کی کال آئی ہوئی ہے۔ میں پرانا پی ٹی آئی کا ورکر رہ چکا ہوں۔ میں چاہتا ہوں بانی پی ٹی آئی کے جیل میں ہونے کا کوئی فائدہ نہ اٹھائے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ عموماً ایسا ہی ہوتا ہے لیڈر کے جیل میں ہونے سے لوگ لاشوں پر بھی سیاست کرتے ہیں۔ سب کمپرومائزڈ لوگ پارٹی میں موجود ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ اپنے بچوں کو باہر کیوں نہیں لے کر آتے۔ سیاست میں سب کے بچے اورباقی لوگ آگئے۔ کیا یہ کسی کے باپ کا ملک ہے۔ قوم کے سامنے یہ تماشا کلئیر ہونا چاہیے۔ امریکی کانگریس کے لوگ انسانی حقوق کے چیمپین بنے بیٹھے ہیں۔ مجھے اپنا دوست بنائیں اور اچھی نصیحت کریں لیکن غلامی اور مداخلت ہمارے ملک میں نہیں ہو سکتی۔ کانگریس اور اقوام متحدہ آگئے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ عافیہ صدیقی اور شام پر کوئی خط نہیں آتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکا میں حملہ ہوا وہ بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی۔ میں اس میں آپ ہر الزام لگا دیتا ہوں۔ میں بھی اقوم متحدہ کو اس حوالے سے خط لکھ دیتا ہوں۔ اس سے کسی کو کیا فرق پڑے گا۔ فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ صدام حسین کے ساتھ مل کر 32 سال خلاف ورزیاں کیں۔ افغانستان میں تباہی برپا کی اور اپنا سامان چھوڑ کر نکل گئے۔ اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔ ہمارے ملک نے دہشتگردی میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں۔ ہم آپ کے ملک میں مداخلت نہیں کرتے لیکن آپ یہاں کیوں مداخلت کر رہے ہیں۔ آپ بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین پر جعلی مقدمات بنا رہے تھے۔ ہم نے بھی جعلی مقدمات کاٹے۔ آپکی سیکرٹ سروسز ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بناتی رہی۔آپ چاہ کیا رہے ہیں بانی پی ٹی آئی کی بہتری کر رہے یا ان کا نقصان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا سلسلہ بھی چل رہا ہے۔ میں حکومت کی طرف سے بات نہیں کر رہا۔ بانی پی ٹی آئی کی بات سے اتفاق کرتا ہوں مداخلت ہوئی تھی۔