مقبوضہ کشمیر: تلاشی کارروائیاں جاری، سرکاری ملازمتوں پر غیر کشمیریوں کی بھرتی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

Nov 20, 2024

 سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں سرکاری ملازمتوں پرغیر کشمیریوں کی بھرتی کے خلاف جموں یونیورسٹی میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جموں و کشمیر میںگوجر-بکروال اسٹوڈنٹس الائنس کے زیر اہتمام طلبا نے   احتجاج کیا ۔ احتجاج میں شامل طلبا کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی بھارتی شہریوں کو مقامی کمیونٹیز کے لیے مخصوص پوسٹوں پربھرتی کیلئے درخواست دینے کی اجازت دے کر مقبوضہ کشمیر کی ریزرویشن پالیسیوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کوصرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اعتماد سازی کے اہم اقدامات کے طور پر کنٹرول لائن کے ذریعے تجارت اور بس سروسز کی بحالی جیسے اقدامات کی ضرورت ہے ۔جبکہ جنوبی کشمیر میں منگل کو ٹریفک کے ایک حادثے میں 45سالہ شہری  جاں بحق ہوگیا ۔ ضلع اننت ناگ کے اوموہ ویری ناگ میں 45سالہ شہری گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا ۔پولیس حکام کے مطابق  محمد شفیع خان کو گاڑی  نے  ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر میں بجلی کا شارٹ فال500 میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے جس کے  نتیجے میں موسم سرما شروع ہوتے ہی بجلی کا بحران  پھر سنگین ہو گیا ہے ، کشمیری عوام کو 24گھنٹوں میں  صرف 6یا 8گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے ۔  مقبوضہ کشمیر کے پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) کے مطابق  مقبوضہ کشمیر میں بجلی کی گھپت2100 میگاواٹ ہے جبکہ  صرف 1600 میگاواٹ بجلی مل رہی ہے  ۔

مزیدخبریں