سمبڑیال (نمائندہ نوائے وقت) اٹلی جانے والے پاکستانیوں کی کار کو لیبیا میں حادثہ کے نتیجہ میں چھ نوجوانوں کے جل کر جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق لیبیا کے شہر زوارہ کے مشرقی علاقہ میلیٹا میں پاکستانی نوجوانوں کی کار تیز رفتاری کے باعث سڑک لیول کرنے والی موٹر گریڈر سے جا ٹکرائی، حادثہ کے فوراً بعد کار میں آگ لگ گئی جس میں سوار چھ پاکستانی لقمہ اجل بن گئے۔ جاں بحق نوجوانوں میں سے دو کا تعلق سمبڑیال کے نواحی گاؤں دوبرجی چندا سنگھ سے ہے جن کی شناخت عمر اللہ رکھا اور ملک عادل رفیق کے نام سے ہوئی۔ نوجوان 31 اکتوبر کو فیصل آباد ائیرپورٹ سے سعودیہ کیلئے روانہ ہوئے تھے، وہاں پہنچ کر انہوں نے عمرہ کیا اور کچھ دن بعد لیبیا کیلئے روانہ ہو گئے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان مبینہ طور پر غیر قانونی لیبیا سے اٹلی جانا چاہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ کا شکار نوجوانوں نے مقامی ایجنٹ کو اٹلی جانے کے لئے فی کس 37 لاکھ طے کئے تھے۔