سیالکوٹ (نامہ نگار) تحریک انصاف رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ 24 نومبر حقیقی آزادی کی فیصلہ کن تحریک کا دن ہے۔ لانگ مارچ میں لاکھوں افراد شریک ہونگے، مخالفین نے پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی لیکن قوم نے تحریک انصاف کا ساتھ دیکر اپنی رائے بتا دی ہے۔ قائد اعظم کے بعد اگر قوم کسی کو اپنا حقیقی لیڈر مانتی ہے تو وہ صرف بانی پی ٹی آئی ہیں۔ انہوں نے کہا 24 نومبر فارم 47 کی جعلی حکومت کے تابو ت میں آخری کیل ثابت ہو گی۔ گزشتہ دو سالوں سے پی ٹی آئی کے ورکروں نے ظلم و تشدد، بربریت اور فسطایت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی، چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی، عدلیہ کی آزادی کیلئے قوم 24 نومبر کو نکلے اور 26 ویں غیر قانونی آئینی ترمیم کا بھی خاتمہ کرائے جعلی حکومت کا ظلم و جبر اور قید و بند کی صعوبتیں ہمیں حقیقی آزادی اور جمہوریت کیلئے جاری جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔ انہوں نے کہا 24 نومبر کی کال کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار حکومت نے کارکنان اور ورکرز کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔