سرگودھا (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) سرگودھا میں دیرینہ دشمنی پر موٹر سائیکل سوار تیز دھار آلہ اور اسلحہ سے مسلح افراد نے عدالت میں پیشی کے لیے ضلع کچہری آنے والے مخالفین پر حملہ کر کے نوجوان کو قتل اور ساس بہو اور میاں بیوی سمیت چار افراد کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ جس پر مقتول کی نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور پولیس شواہد اکٹھے کرتے ہوئے مصروف تفتیش ہے۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر کے ملزموں کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دے دیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کا حکم دے دیا۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے چک73 بلوچاں کا محمد نواز اپنی فیملی کے ہمراہ تاریخ پیشی پر ضلع کچہری آیا جہاں دیرینہ دشمنی پر تیز دھار آلہ اور آتشیں اسحلہ سے مسلح موٹر سائیکل سوار مخالفین نے حملہ کر کے 40 سالہ نوجوان محمد اعجاز کو قتل اور ساس بہو اور میاں بیوی سمیت چار افراد 65 سالہ محمد نواز، اس کی 55 سالہ بیوی شمیم نواز، اس کا 40 سالہ بیٹا عمر دراز اور عمر دراز کی 38 سالہ بیوی کوثر پروین شدید زخمی ہو گئے اور حملہ آور فرار ہو گئے، جس پر مقتول اور زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور پولیس تھانہ کینٹ شواہد اکٹھے کرتے ہوئے مصروف تفتیش ہے۔