اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نیکہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں قریبی رابطے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے برطانیہ کا تعاون قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری ادارے عوامی فلاح و بہبود اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے فعال کردار ادا کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے وزیر مملکت/انڈر سیکرٹری برائے امور خارجہ ہمیش فالکنر کی سربراہی میں پاکستان میں آئے ہوئے برطانوی پارلیمانی وفد سے گفتگو میں کیا، ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک سے خوش گوار تعلقات چاہتا ہے۔