نظام تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اہم ضرورت:وزیر منصوبہ  بندی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نظام تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن کے زیر اہتمام اسسمنٹ فریم ورک کی لانچنگ تقریب سے خطاب میں کہی۔  احسن اقبال نے کہا کہ ہماری نسل نے تختی سے ٹیکنالوجی تک کا سفر طے کیا ہے اور آئندہ نسلیں اس سے بھی زیادہ تبدیلی دیکھیں گی۔ نوجوانوں کو عالمی معیشت میں مقام دلانے کو حکومت کا اہم ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وژن 2025ء کے تحت وزارت تعلیم کو نصاب اور امتحانی نظام کی اصلاح کے متعدد منصوبے دئیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں احسن اقبال سے ایشیائی ترقیاتی بنک  پاکستان مشن کے وفد نے سینئر ڈائریکٹر طارق نیازی کی قیادت میں ملاقات کی۔ احسن اقبال نے مختلف نیٹ ورکس میں تکنیکی انضمام کی ضرورت اور ایشیائی ترقیاتی بنک کو پاکستان کی 2500 عدالتوں کے لیے جوڈیشل انفارمیشن سسٹم تیار کرنے پر زور دیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ جوڈیشل انفارمیشن سسٹم کے تحت تمام ججوں کی پروفائلز، مقدمات کی صورتحال اور زیر التواء مقدمات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن