پاکستانی معیشت کیلئے سیلاب نہیں قحط سالی بڑا چیلنج : برطانوی ہائی کمشنر

Nov 20, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی ہائی کمشن اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے زیراہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے شرکت کی۔ جین میریٹ نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی معیشت کیلئے موسمیاتی تغیر میں بڑا چیلنج سیلاب نہیں قحط سالی ہے۔ قحط سالی سے پاکستان میں فصلیں 50 فیصد تک کم ہو سکتی ہیں۔ مناسب اقدامات نہ کئے تو 2050ء تک پاکستان کو 2.50 ٹریلین ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے، ہم پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خطاب کرتے کہا کہ ہم معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات پر توجہ دے رہے ہیں۔ گزشتہ 14 ماہ میں ہمارے اقدامات کے باعث کچھ استحکام دیکھا ہو گا جو لوگ گزشتہ دنوں لاہور گئے وہ جانتے ہیں موسمیاتی تغیر پر کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ موسمیاتی تغیر پر ہم ایسے پروجیکٹس نہیں لا سکے جن میں سرمایہ کاری کی جا سکے۔ موسمیاتی تغیر پر استعداد کار میں اضافہ اہم ہے تاکہ ہم فنانسنگ حاصل کر سکیں۔

مزیدخبریں