اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بات چیت کی۔ ملاقات کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ (مشرق وسطی، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان) ہمیش فالکنر نے بھی ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور پارلیمانی انڈر سیکرٹری فالکنر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وسیع تر دوطرفہ اور علاقائی امور پر مضبوط ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے مضبوط تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور موسمیاتی کارروائی میں تعاون کو فروغ دینے میں مشترکہ دلچسپی پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نیدر لینڈ کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے پاکستان نیدر لینڈز تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار سے امریکی سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
Nov 20, 2024