سموگ کی شدت میںبدستور کمی، لاہور، ملتان میں آج سے تعلیمی ادارے کھل جائیںگے

Nov 20, 2024

 لاہور (لیڈی رپورٹر+ این این آئی) سموگ کی شدت میں کمی کے باعث لاہور اور ملتان میں آج 20 نومبر سے  تمام تعلیمی اداروں کو کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سکول صبح  8:45 بجے سے پہلے نہ کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اساتذہ اور طلباء وطالبات ماسک کا استعمال یقینی بنائیں گے، غیر نصابی آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی جاری رہے گی، ٹریفک جیم سے بچنے کے لیے تمام سٹوڈنٹس کو کلاس وائز چھٹی دینے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ جبکہ لاہور اور کراچی کا فضائی معیار خراب ہونے کی وجہ سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے اور کراچی چوتھے نمبر پر آگیا۔ لاہور اور کراچی کا فضائی معیار انتہائی مضر صحت ہے،  صبح کے اوقات میں  لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس236  اور کراچی کا 199 ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب  لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے جب کہ کراچی چوتھے نمبر پر آ گیا۔ ادھر پنجاب کے مختلف علاقے شدید دھند اور سموگ کی لپیٹ میں ہیں، ملتان پاکستان کا سب سے آلودہ ترین شہر ہے، جہاں اب سے کچھ دیر پہلے ائیر کوالٹی انڈیکس 400 ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہیں۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کمرشل جنریٹرز کی جانچ اور کیمروں سے نگرانی جاری ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں اینٹی سموگ گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ 4 دن میں درجنوں بھٹے اور صنعتی یونٹ مسمار جبکہ درجنوں فیکٹریاں اور کارخانے سیل کیے گئے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ 15 نومبر کو 17، 16 اور 17 نومبر کو 17بھٹے گرائے گئے۔ خانیوال، ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی اور سرگودھا میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو گرایا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جھنگ، لیہ، بہاولنگر، پاکپتن میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کو بھی گرایا گیا، سب سے زیادہ 14 بھٹے ملتان اور 8 لیہ میں گرائے گئے۔

مزیدخبریں