پشاور(نوائے وقت رپورٹ) ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر پیش ہوں اب حاضری سے استثنیٰ نہیں ملے گا۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کی منگل کو عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کو 3 ہفتوں کی حفاظتی ضمانت دے دی۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر درخواست گزار پیش ہوں، استثنا کی درخواست منظور نہیں کریں گے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم نے اس لیے استثنا کی درخواست دی ہے کہ وہ بیمار ہیں۔ انہیں سیریس ہیلتھ ایشو ہے، اس وجہ سے عدالت نہیں آ سکتیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اس بار آپ کی استثنا کی درخواست منظور کرتے ہیں، آئندہ سماعت پر پھر استثنا کی درخواست منظور نہیں کریں گے۔ عدالت نے بشریٰ بی بی کو 23 دسمبر تک حفاظتی ضمانت دے دی۔
بشریٰ بی بی آئندہ سماعت پر پیش ہوں، اب استثنیٰ نہیں ملے گا: پشاور ہائیکورٹ
Nov 20, 2024