بھارت بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے بھی بھاگ گیا، پاکستان آنے سے انکار

لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ہوگیا۔بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 23 نومبر سے پاکستان میں شروع ہونا ہے لیکن بھارتی حکومت نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کیلئے این او سی دینے سے انکار کر دیا۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارت کھیل نے این او سی جاری کیا تھا جس کے بعد ٹیم کو وزارت داخلہ اور خارجہ نے این او سی جاری کرنا تھا۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خارجہ نے این او سی دینے سے انکار کیا ہے۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شیلندرا یادیو کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی لیٹر ملنا ہے لیکن اب ہم نے گفتگو کی بنیاد پر پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔  ہم 25 روز حکومتی اجازت کا انتظار کر رہے تھے ، ہم اب مزید انتظار نہیں کر سکتے کیونکہ اب ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے، جب وزارت خارجہ سے فون پر بات تو انہوں نے این او سی نہ دینے کا بتایا، ہمیں کہا گیاہے کہ ہم انکار کا باضابطہ لیٹر بھی دیں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیمپیئنز ٹرافی کا سفر پاکستان میں جاری ہے ۔ گزشتہ روز نتھیاگلی میں رونمائی کی گئی۔سینکڑوں شائقین نے ٹرافی کا دیدار کیا۔بعد ازاں ٹرافی کو مری لے جایا گیا جہاں شائقین کی بڑی تعداد ٹرافی کو دیکھنے کیلئے پہنچ گئی ۔ ٹرافی کو مختلف مقامات پر لے جایا گیا ۔ ٹرافی کا سفر پاکستان میں رواں ہفتے جاری رہے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان تاحال نہ کیا جاسکا۔ آئی سی سی نے تاحال چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول  کا اعلان نہیں کیا اور اس حوالے سے پاکستان سمیت میزبان ملکوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے لیٹ ہو رہا ہے کیونکہ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان آنے سے انکار کر رکھا ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں ہفتے شیڈول کا اعلان ہونے کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن