ملکی تاریخ میں پہلا ’’چیف منسٹر ڈائیلاسز پروگرام کارڈ‘‘ ہر مریض کیلئے فنڈ 10 لاکھ تک بڑھا دیئے: مریم نواز

Nov 20, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے''چیف منسٹر ڈائیلسز پروگرام کارڈ'' کی منظوری دے دی اور پہلی بار ڈائیلسزکے ہر مریض کے علاج کے لئے فنڈز 10 لاکھ روپے تک بڑھا دئیے۔ امراض گردہ میں مبتلا ہر مریض کیلئے ساڑھے آٹھ لاکھ ڈائیلسز اور ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹ وغیرہ کے لئے مختص کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈائیلسز مریضوں کے مفت ٹیسٹ اور ادویات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مریضوں کا ڈائیلسز ہر صورت جاری رکھنے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں پنجاب میں مزید ڈائیلسز یونٹ قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلسز سینٹر میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو صوبہ بھر میں ڈائیلسز سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان میں ڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ ڈائیلسز کے مریضوں میں ایڈز پھیلنا افسوسناک ہی نہیں،  شرمناک بھی ہے۔ فنڈز نہ ہونے کے عذر پر ڈائیلسز رکنا افسوسناک ہے، جاری رہنا چاہیے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کے مریض بھی مفت ڈائیلسز کی سہولت سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔ پنجاب سے فری ادویات سندھ، بلوچستان اور دیگر صوبوں میں جا رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ہیلتھ پروگرام اور پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ محکمہ صحت کی کارکردگی کے تعین کے لئے کے پی آئی مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ نواز شریف کینسر ہسپتال پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نواز شریف کینسر ہسپتال کا ہیڈ مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ پی آئی سی ٹو اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے زیر تکمیل پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پی آئی سی ٹو کو سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنا نے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ امراض قلب کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی، آلات اور میڈیسن لائی جائیں۔ سپیشلٹ ڈاکٹرز کی جدید ترین ٹریننگ کرائی جائے اور ماسٹر ٹرینر تعینات کئے جائیں۔

مزیدخبریں