حکومت ہر قدم پر عوام کے ساتھ، احساس اجاگر کرنا ہو گا: بلاول

کراچی +اسلام آباد(نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی کی شرجیل میمن اور میئر کراچی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو کو خیبر پی کے کی سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی۔ صوبے کے وسائل کے حوالے سے وفاق کے غیر منصفانہ رویے سے آگاہ کیا گیا۔ شرجیل میمن نے بلاول بھٹو کو صوبائی حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں عوام کی خدمت کے تسلسل کے عمل کو اجاگر کرنے کیلئے صوبائی محکمہ اطلاعات اپنے فرائض ادا کر رہا ہے۔ بلاول نے کہا عوامی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ عوام میں اس احساس کو بھی مزید اجاگر کرنا ضروری ہے کہ حکومت ہر قدم پر عام آدمی کے ساتھ کھڑی ہے۔ میئر کراچی نے ضلع وسطی میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے پر بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ضلع وسطی میں میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کا قیام خوش آئند ہے۔علاوہ ازیں بلاول نے عالمی یومِ اطفال پر پیغام میں بچوں کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور ان کی ہمہ جہتی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچے ہمارے روشن مستقبل کی امید ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کو قومی ترجیحات میں اولین حیثیت دی جانی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن