اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے سندھ حکومت کی جانب سے بچوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کا خیر مقدم کیا ہے، بالخصوص جن بچوں کی کورونا وبا کے دوران ویکسی نیشن نہیں ہو سکی تھی۔ پیما نے اس مہم کا دائرہ کار پورے ملک میں بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پیما کے مرکزی صدر پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ یہ ایک قابل ستائش اقدام ہے تاکہ ان بیماریوں کو روکا جا سکے جو بچوں کی صحت کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں سندھ اور خیبر پختونخوا میں خناق کی بیماری نے وبا کی صورت میں بچوں کی ایک بڑی تعداد کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیما بچوں کی مکمل ویکسینیشن کے لیے ایک ملک گیر مہم شروع کرنے کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ 100 فیصد بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ای پی آئی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی صوبوں کو بھی سندھ حکومت کے اس اقدام کی تقلید کرنی چاہیے تاکہ پاکستان میں صحتِ عامہ کا نظام بہتر ہو سکے۔