اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے آگاہی پیدا کرنے اور نوجوانوں کو محفوظ اور قانونی متبادل فراہم کرنے کے لئے "پرواز پاکستان" مہم نے ملک بھر میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ یورپی یونین کی مالی معاونت سے جاری اس مہم کے تحت، مختلف شہروں میں آگہی سیمینار منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو درست فیصلہ سازی کے قابل بنانا ہے۔اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میںایک سیمینار میں ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک جانے والے افراد نہ صرف اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ اپنے خاندانوں کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے شرکا ء کو قانونی ہجرت کے طریقوں، پاکستان میں موجود روزگار کے مواقع، اور اپنی مہارت کو بہتر بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔پرواز مہم کے کوآرڈینیٹر، امان اللہ نے کہاپاکستان وسائل اور مواقع سے مالا مال ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے ملک میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، اپنی مہارتوں کو بہتر بنائیں اور قانونی طریقے سے اپنا مستقبل روشن کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے تحت 30 سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ نوجوان نسل میں شعور بیدار کیا جا سکے۔سیمینار میں موجود ماہرسپیکر زین العابدین نے نوجوانوں کو بتایا کہ اگر بیرون ملک جانے کی ضرورت ہو تو قانونی راستے اپنائیں اور اپنی مہارتوں میں اضافہ کریں تاکہ وہ وہاں کی معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔