راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)صوبائی محتسب نبیلہ حاکم نے کہا کہ ایک سال کے اندر ہم 15 ارب کی پراپرٹی پنجاب میں خواتین کو ڈیلیور کروا چکے ہیں۔خواتین ہماری آبادی کا % 52 ہیں اور ان کو آئینی اور شرعی حقوق دلانا ہمارا فرض ہے۔ خواتین کو باہمت اور بااعتماد بنانا،خواتین کو ملازمت کی جگہ بہترین ماحول فراہم کرنا ہے اس ادارے کی ترجیحات ہیں۔خواتین کو وراثتی حق سے کسی صورت محروم نہیں رکھا جاسکتا۔صوبائی محتسب نے ریجنل آفس راولپنڈی کا دورہ کیا انہوں نے ریجنل آفس میں وراثتی جائیداد اور ہراسمنٹ سے متعلقہ کیسز کی سماعت کی اورحل کے لیے احکامات جاری کیے۔ چکوال کی فیملی کی وراثتی جائیداد جو عرصہ دراز سے التوا کا شکار تھی پر فیصلہ سنایا جس پر خواتین نے صوبائی محتسب کا شکریہ ادا کیا اور انکی کاوش کو سراہا۔اسی طرح خواتین کو درپیش وراثتی حصہ دلانے سے متعلق درجنوں کیسز نمٹائے۔ اس موقع پر مشہورو معروف ایڈوکیٹ ملک ظہور احمد اعوان اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن راولپنڈی ڈویژن تابندہ سلیم بھی موجود تھیں۔ ایڈوکیٹ ملک ظہور عوان نے اس موقع پر کہا کہ انفورسمنٹ ایکٹ 2021 کا نفاذ جب سے ہوا اس کی وجہ سے ہماری بیوہ عورتیں، بہنیں اور بیٹیاں جو وراثت کے مسائل کا شکار تھیں اب اس ایکٹ کے تحت وراثت میں حصہ لینا ان کے لیے بہت اسان ہو گیا۔
خواتین کو آئینی، شرعی ، وراثتی حقوق دلانا ہمارا فرض،صوبائی محتسب پنجاب
Nov 20, 2024