کمشنرنے گرلز ہائی سکول قاضی آباد ڈھیری حسن آباد کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی

Nov 20, 2024

 راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامرخٹک نے ترقیاتی سکیمز کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول قاضی آباد ڈھیری حسن آباد کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ سکول بلڈنگ کی تعمیر جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔ ابتدائی طور پر گرانڈ، فرسٹ اور سیکنڈ فلور کی تعمیر کی جائے گی جس سے طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی۔ اسکے علاوہ اجلاس میں ہائی وے سرکل ٹو کی جانب سے بتایا گیا کہ ہنیسر تا کتھیل بگوں برسالہ روڈ کلیہ کہوٹہ کی تعمیر کے لئے دوسرا ریوائزڈ PC-1 جمع کروا دیا گیا ہے۔07 کلومیٹر لمبائی کی اس روڈ کی ریوائزڈ لمبائی 10.50 کلومیٹر ہو گی۔ ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اس اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزی مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ معظم علی، ایس ای ہائی وے ون، ایس ای بلڈنگ ون، ایکیسئن لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ، ایکسیئن ہائی وے راولپنڈی و دیگر متعلقہ سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔کمشنر راولپنڈی نے تمام تر سکیمز کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی اپنے مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ نیز جاری شدہ کام میں بروقت تکمیل اور ریلیز فنڈز کے استعمال کی دوڑ میں کام کے معیار کو کسی صورت نظر انداز نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مین شاہراہوں کے ساتھ ساتھ لنک روڈز کی مرمت و تعمیر نہایت اہم ہے۔ یہ روڈز نہ صرف پیدل چلنے والوں کی سہولت اور انہیں حادثات سے بچانے کے کام آتی ہیں بلکہ ٹریفک کے بہا کو برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں میں بنائی جانے والی سڑکوں کے لئے ریجڈ پیومنٹ کو ملحوظ رکھا جائے جو کے سڑکوں کے دیرپا رہنے میں مددگار  ثابت ہوتا ہے کیونکہ اکثر ان علاقوں میں سڑکوں کی مرمت فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے رہ جاتی ہے جس کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی ہیں۔

مزیدخبریں