اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی اولمپیاڈ کا21 سے 23 نومبرتک کامیابی سے انعقاد یقینی بنائیں گے،دنیا پاکستان کی طرف رخ کررہی ہے، 14 ممالک سے 50 کھلاڑی ٹینس چیمپین شپ میں شرکت کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ رانامشہود احمد خان نے کہا کہ ہم ملک میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کام کررہے ہیں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت تعلیم ، فنی تعلیم ، کھیل اور کلچر سمیت دیگر شعبوں میں روزانہ کی بنیاد پرنئے عوامل شامل کررہیہیں جس سے معیشت سمیت تمام شعبوں میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاپ 29 کانفرنس میں پاکستانی پویلین مرکز نگاہ ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی کاپ 29 کانفرنس میں شرکت کے موقع پر کئی اہم رہنمائوں سے ملاقاتیں ہوئیں، جس کی وجہ سے دنیا پاکستان کی طرف رخ کررہی ہے، 14 ممالک سے 50 کھلاڑی ٹینس چیمپین شپ میں شرکت کر رہے ہیں، 7ممالک کے کھلاڑی سکوائش کھیلنے آئے ہوئے ہیں، ہر ماہ بڑی تعداد میں سیاح ، کھلاڑی اور سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اولمپیاڈ 21 نومبر سے 23 نومبر تک لیاقت جمنیزیم میں کھیلی جائے گی جس میں ملک بھر سے 30ہزار ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات و ثقافتی ورثہ ، وزارت بین الصوبائی رابطہ ، ایچ ای سی ، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔