اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانت کے بعد تاحال بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف لاہور میں درج 9 مئی کے 3 کیسز میں ضمانت خارج کی گئی تھی۔ عمران خان کی راولپنڈی 9 مئی کے 14 مقدمات میں ضمانت کے باوجود ضمانتی مچلکے جمع نہیں کروائے گئے۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف راولپنڈی میں 28 ستمبر اور 5 اکتوبر کو بھی دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ عمران خان نو مئی کے 8 مقدمات میں 30 نومبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔ نو مئی کے مقدمات میں ضمانت ہونے کے بعد عمران خان کی رہائی ممکن ہوگی۔ لاہور میں 21 مقدمات ، راولپنڈی ڈویژن میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف 19 کیسز درج ہیں۔فیصل آباد ڈویژن میں 5 جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف 1 مقدمہ درج ہے۔ اسی طرح شیخوپورہ ڈویژن میں 7 اور سرگودھا ڈویژن میں 1 مقدمہ درج ہے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں 10،10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور
Nov 20, 2024 | 18:57