صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں سیکیورٹی فورسز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کیلئے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دہشتگردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اِظہار افسوس کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو جہنم واصل کیا اور اس عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔