کراچی (آن لائن) امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملالہ کو لگنے والی گولی جس نے بھی چلائی ہو پاکستان کی نہیں، امریکہ کی ہے، سازش کا مقصد گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج سے توجہ ہٹانا اور وزیرستان آپریشن کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام بکھر رہے ہیں۔ اہل مغرب مسلمانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل استعمال کر رہے ہیں۔ خاکے بنانے والے، قرآن جلانے والے اور گستاخانہ فلمیں تیار کرنے والوں کی ویٹی کن پشت پناہی کر رہا ہے۔ علما مسلمانوں کو کافر بنانے والے فتو¶ں کی روش ترک کر کے اتحاد امت کو فروغ دیں۔ وزیرستان میں آپریشن ہو یا پاکستان میں خودکش حملے دونوں کا فائدہ امریکہ و بھارت کو پہنچتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد تقویٰ میں خطبہ جمعہ میں کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ باطل نظام اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوف زدہ ہو چکے ہیں۔ امریکہ اپنے ورلڈ آرڈر کی بقا کے لیے عالم اسلام کو خطرہ سمجھتا ہے۔ امریکہ و اسرائیل فرعون و نمرود کا کردار ادا کر رہے ہیں۔