لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آل راﺅنڈر عبدالرزاق پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔ پی سی بی کے ترجمان ندیم سرور کے مطابق پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹی ٹوئنٹی کپتان محمد حفیظ اور آل راﺅنڈر عبدالرزاق پیش ہوئے۔ کمیٹی نے عبدالرزاق کے متنازع بیان پر ان سے جواب طلبی کی تو انہوں نے اپنے بیان پر معذرت کی اور آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف سے ملاقات کی جس میں دونوں کھلاڑیوں کے گلے شکوے دورکئے گئے۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں عبدالرزاق نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد محمد حفیظ کے خلاف بیان بازی اور میڈیا سے گفتگو میری غلطی تھی جس پر میں معذرت کر چکا ہوں اور اب پھر معذرت کررہا ہوں۔ محمد حفیظ سے اچھے تعلقات ہیں۔ جذبات میں آکر میڈیا میں بیان بازی کی۔ محمد حفیظ نے کہا کہ عبدالرزاق میرے سینئر ہیں اور بڑے بھائی کی طرح ہیں۔ بورڈ کے فیصلے پر خوشی ہے۔ محمد حفیظ نے اس بات کو دہرایا کہ کسی بھی میچ میں کسی کھلاڑی کو کھیلانے یا نہ کھیلانے کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ کرتی ہے ۔
جرمانہ