احتجاج کرنیوالے متاثرین عید کے دنوں میں بھوکے رہے کسی نے خبر نہیں لی:جے سالک

احتجاج کرنیوالے متاثرین عید کے دنوں میں بھوکے رہے کسی نے خبر نہیں لی:جے سالک

 اسلام آباد(آئی این پی )کنوینئر اوور سیز اسمبلی پاکستان اور سابق وفاقی وزیر جے سالک نے کہا ہے کہ عید کے دنوں میں اسلام آباد کے وسط میں موجود پریس کلب کے سامنے متاثرین عید کے دنوں میں بھوکے رہے اور کسی نے انکی خبر تک نہیں لی، وزیراعظم ان متاثرین کے مسائل فوری حل کر یں اور چیف جسٹس افتخار محمد چودھری اس صورتحال کاسختی سے نوٹس لیں۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر زمین پر بیٹھ کر اور سر میں مٹی ڈال کر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہامیری یہ نیک خواہش ہے کہ وزیراعظم دورہ امریکہ قومی لباس میں کریں، اُسی لباس میں جائیں جو انہوں نے وزارت عظمٰی کا حلف لیتے ہوئے پہنا تھا۔ ملک بھر کے باقی اداروں کی طرح بیوروکریٹس کا بھی ایک ہی لباس(یونیفارم) ہونا چاہیے، شاہی سیکرٹری سے لیکر نائب قاصد تک سب کو ایک ہی یونیفارم پہنائیں تاکہ قومی سطح پر ہم آہنگی پیدا ہو سکے۔ جب پاکستان آرمی، نیوی ، ائیرفورس، ریلوے، پی آئی اے، عدلیہ، وکلاءاور سکولوں کے بچے تک یونیفارم پہن سکتے ہیں تو بیوروکریٹس کو کیوں آزاد چھوڑا گیا ہے۔ ملک میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے حوالے سے حکومت کو کچھ تجاویز دینا چاہتا ہوں، اور اگر میری بتائی ہوئی تجاویز کام نہ کریں تو مجھے تختہ دار پر لٹکا دیا جائے۔ عید کے تینوں دنوں میں ملک کے چاروں صوبوں اور وفاق میں سینیٹری ورکرز نے آلائشیں اٹھا کر ملک کو صاف ستھرا رکھا ، اسلئے تمام سینیٹری ورکرز کوایک اضافی تنخواہ دیکر انکی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے عیدکاکیک کاٹا اور متاثرین میں تقسیم کیا۔
جے سالک

ای پیپر دی نیشن