جعلی ووٹوں سے آنیوالی حکومت نے غریبوں کا جینا دوبھر کر دیا: سردار محمد حسین

جعلی ووٹوں سے آنیوالی حکومت نے غریبوں کا جینا دوبھر کر دیا: سردار محمد حسین

قصور (نامہ نگار) سابق ایم پی اے، تحریک انصاف کے رہنما سردار محمد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران آمریت کی پیداوار اور جعلی بیلٹ پیپروں کے ذریعے اقتدار میں آ کر نئے کرنسی نوٹ چھاپنے کے باوجود بجلی، گیس، پٹرول سمیت ہر چیز کے نرخوں میں اضافہ کر کے عوام کے منہ سے آخری نوالہ تک چھین لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عوام کی طاقت سے نہیں بلکہ دھاندلی سے اقتدار میں آئی ہے۔ انہوں نے موجودہ حکمرانوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ الیکشن میں جعلی بیلٹ پیپرز چھپوا کر مینڈیٹ کا واویلا رچا رکھا ہے اور حکومت کرنے کیلئے نئے کرنسی نوٹ چھاپ رہے ہیں مگر عوام کے مفاد کی پالیسیاں بنانے کی بجائے آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ کئے گئے معاہدے عوام پر مسلط کر رہے ہیں۔ اس ہوشربا مہنگائی سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ پنجاب میں جنگل کا قانون ہے اغوا برائے تاوان، اجتماعی زیادتیاں کرنے والے ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں۔ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ بلدیاتی الیکشن مےں بھی کامیابی حاصل کرنے کیلئے حلقہ بندیوں کو غیر قانونی طریقہ سے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں الیکشن کمےشن کا کام ہے مگر ضلعی انتظامیہ سے حلقہ بندیاں کروانا بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن