بزرگ کارکن کی دھمال، لوگوں کے بھنگڑے
لاہور (خبرنگار/ سپورٹس رپورٹر) عوامی تحریک کے جلسے میں شرکت کے لئے لوگوں کی آمد کا سلسلہ دن 12 بجے ہی شروع ہو گیا تھا۔ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ جلسے میں آنے والے مرد و خواتین کارکن اپنے چہروں پر ہی پارٹی پرچم پینٹ کراتے رہے۔ کارکنوں نے اپنے ماتھے، ہاتھوں اور بازوﺅں پر ”گو نواز گو“ کے نعرے بھی تحریر کرائے۔گاڑیوں پر گو نظام گو کے نعرے بھی درج تھے۔پنڈال پارٹی کے لئے تیار کئے گئے انقلابی نغموں سے گونجتا رہا۔ سٹیج کے سامنے سبز چغا پہنے دھمال ڈالنے والا بزرگ تمام لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ بزرگ کارکن کئی گھنٹے تک بغیر کسی وقفے کے دھمال ڈالتا رہا جس پر پارٹی کارکن بھی وقفے وقفے سے بھنگڑا ڈالتے دکھائی دیے۔
قافلے/ بھنگڑے