لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم نے 2016ء کے اولمپک ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کے لئے اگلے آٹھ ماہ کا شیڈول پاکستان ہاکی فیڈریشن میں جمع کرا دیا ہے، جس میں کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل ایک ماہ کا تربیتی کیمپ یورپ میں لگانے کے ساتھ ساتھ یورپی ٹیموں کے خلاف 6 سے 8 انٹرنیشنل میچز مانگ لئے ہیں۔ ہیڈ کوچ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں کارکردگی تسلی بخش رہی ہے، ایک سال میں بغیر انٹرنیشنل میچز کھیلے شرکت کیلئے گئے تھے اس کے باوجود فائنل کھیلنا کسی اچھی کارکردگی سے کم نہیں ہے۔ اگلے ماہ بھارت میں منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے لئے پی ایچ ایف کو ایک ماہ کا تربیتی کیمپ لگانے کی درخواست کی ہے جس میں ہم اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کو مدنظر رکھ کر نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں۔ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ شکیل عباسی سمیت تین کھلاڑیوں کو خیرباد کہ دیا گیا ہے۔ ان تین کھلاڑیوں کو آرام دیا ہے اس میں مزید نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں جن کو ایشین گیمز کے تربیتی کیمپ میں بلایا گیا تھا۔ پاکستان ہاکی کو چار ماہ میں اس مقام پر لے آیا ہوں کہ اب تمام لوگ ہاکی کی بات کرنا شروع ہو گئے ہیں۔ابھی جونیئر ورلڈکپ میں بہت ٹائم ہے موجودہ جونیئر ٹیم کا پہلا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ تھا اگر ان کو مواقع دیئے گئے تو غلطیوں سے سیکھ کر نوجوان کھلاڑی تیار ہو جائیں گے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے نہ کہ انہیں تنقید کا نشانہ بنا کر انڈر پریشر کر دیا جائے۔یہی نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جنہوں نے کل پاکستان سینئر ٹیم میں جگہ بنانی ہے۔
قومی ہاکی ٹیم نے اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ کی تیاری کیلئے پلا ن جمع کرادیا
Oct 20, 2014