فیصل آباد میں قتل کے 2 مجرموں کو آج پھانسی دی جائیگی، ایک کی ملتوی

Oct 20, 2015

فیصل آباد/ ٹوبہ/ گوجرہ/ لاہور/ جھنگ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) سنٹرل جیل فیصل آباد میں قتل کے 2 مجرموں کو آج تختہ دار پر لٹکایا جائیگا۔ ایک کی پھانسی ملتوی، ٹوبہ میں ایک مجرم کو کل، لاہور میں رینجرز اہلکار کے قاتل کو 27 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔ تفصیل کے مطابق سینٹرل جیل فیصل آباد میں قتل کے دو مجرموں کو آج پھانسی دی جائے گی۔ جیل ذرائع کے مطابق تھانہ پیپلز کالونی میں درج مقدمہ کے مجرم رکشہ ڈرائیور محمد اکرم نے 17سال قبل اپنی محبوبہ سے مل کر اس کے والد کو قتل کر دیا تھا جبکہ تھانہ صدر گوجرہ میں درج مقدمہ میں ملوث گوجرہ کے رہائشی مجرم سعید احمد نے اپنے ایک مخالف کو قتل کر دیا تھا۔ دونوں کو آج صبح تختہ دار پر چڑھا دیا جائے گا۔ دوسری جانب تھانہ فیکٹری ایریا میں درج مقدمہ قتل میں ملوث مجرم شاہد محمود نے 14سال قبل ایک شخص کو قتل کیا تھا اس کے بھی بلیک وارنٹ جاری ہوئے تھے تاہم ورثاء سے راضی نامہ ہونے پر اس کی پھانسی ٹل گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد یار ولانہ نے قتل کے مجرم قمر الزمان عرف کالا کو کل 2اکتوبر کو پھانسی دئیے جانے کی تاریخ مقرر کر دی ہے، مجرم کو صبح ساڑھے پانچ بجے ڈسٹرکٹ جیل میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ چک 313ج۔ب روپووالی کے رہائشی قمر زمان عرف کالا نے 14سال قبل معمولی رنجش پر اپنے ہی گائوں کے رہائشی اقبال مہاجر نامی شخص کو قتل کر دیا تھا۔ مجرم کے گھر والوں کو آج ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آخری ملاقات کرائی جائے گی۔ رینجرز اہلکار کو قتل کرنے والے مجرم راشد کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے گئے ہیں۔ مجرم کو 27 اکتوبر کو لاہور سینٹرل جیل میں پھانسی دی جائیگی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جھنگ چوہدری ضیاء اللہ گجر نے معروف صنعتکار جمشید چدھڑ کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے دوسگے بھائیوں سمیت چار افراد کو سزائے موت اور فی کس 50ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ہے جبکہ ایک ملزم کوبری کر دیا گیا۔ 7جنوری 2012ء کو صنعتکار جمشید چدھڑ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ تھانہ کوتوالی پولیس نے مقدمہ میں پانچ نامزد ملزمان کے خلاف درج کیا۔ گزشتہ روز وکلاء کی بحث اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں عدالت نے مقتول کے دو بھتیجوں سگے بھائیوںحسن گل اور حسین گل، مقتول کے بھانجے ہمایوں سیف اللہ عرف سیفی اور ان کے ساتھی احسن عرف جگو کو سزائے موت اور 50ہزار روپے فی کس جرمانے کی سزااور عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں 6ماہ قید کا حکم سنایا ہے ۔ فیصلے میں پانچویں ملزم مقتول کے بڑے بھائی گل شیر چدھڑ کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا ہے۔ 

مزیدخبریں