لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیٹ نیوز) بھارت میں گرو گرنتھ صاحب کی بے حرمتی کے ذمہ داروں کی گرفتاری تک پاکستانی سکھوںنے بھارت نہ جانے کا اعلان کردیا۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز یہاں پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سردار شام سنگھ اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کی زیرقیادت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران پنجاب اسمبلی کے اقلیتی رکن اسمبلی سردار رمیش سنگھ اروڑا کی طرف سے پیش کی جانے والی قرارداد کی متفقہ منظوری دیدی گئی جس میں اس بات کا اعلان بھی کیا گیا کہ بھارت میں گرو گرنتھ کی بے حرمتی کے ذمہ داران کی گرفتاری تک پاکستان سے کوئی سکھ جتھہ بھارت نہیں جائیگا۔ اجلاس کے دوران بھارت اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔