اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن) حکومت نے ایک بار پھر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لئے عالمی مالیاتی ادارے کو بھی حکومت نے یقین دہانی کرا دی ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے جائزہ مذاکرات رواں ماہ کے اختتام پر دبئی میں ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے کسان پیکج اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو دی گئی مراعات کی وضاحت طلب کرلی ہے، حکومت آئی ایم ایف کو رام کرنے میں مصروف ہے۔ حکومت نے کہا ہے گیس کی قیمتوں میں اضافہ جنوری2016 میں کر دیا جائے گا۔ حکومت نے رواں سال اگست میں بھی گیس کی قیمتوں میں 63 فیصد تک اضافہ کیا تھا، اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے نیپرا رپورٹ پر بھی بات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ آن لائن کے مطابق حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کرائی ہے صارفین سے ایل این جی کی درآمد پر ماہانہ بنیادوں پر چارجز کی مد میں اور گیس کے حوالے سے خسارے کو پورا کرنے کے لئے جنوری 2016 سے صارفین کے لیے گیس کے ٹیرف میں اضافہ کردیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے آئی ایم ایف کو دیئے تحریری بیان میں کہا گیا ہے 2 ہفتے قبل 506 ملین ڈالر کی ادائیگی کے لئے حکومت نے پہلے ہی پیشگی ایکشن لیتے ہوئے گیس کمپنیوں کے خسارے کو گیس کی قیمتیں بڑھا کر جزوی طور پر پورا کرلیا تھا۔وزیر خزانہ کے بیان کے مطابق گیس کمپنیوں کے بقیہ خسارے کو جنوری 2016 میں گیس کی قیمتیں بڑھا کر پورا کرلیا جائے گا۔ حکومت ایل این جی کی درآمد کی مد میں صارفین سے وصول چارجز کو بھی بلوں میں واضح کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گی۔ حکومت جولائی 2014 اور جنوری 2015 میں گیس کی قیمتیں بڑھانے کے پروگرام پر عمل نہیں کرسکی تھی تاہم ملک میں نئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور صارفین کے بلا رکاوٹ گیس کے استعمال کے لئے حکومت اس بار اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنائے گی۔ اسحاق ڈار نے کہا حکومت رواں سال مئی میں گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ایکٹ‘ کے تحت اب تک 57 ارب روپے وصول کرچکی ہے اور اسے آگے بھی جاری رکھے گی۔
بجٹ خسارہ‘ پاکستان نے آئی ایم ایف کو جنوری میں گیس مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرا دی
Oct 20, 2015