ہانگ کانگ (اے پی پی) سربیا کی نامور ٹینس سٹار جلینا جانکووچ نے اپنی فتوحات برقرار رکھتے ہوئے ہانگ کانگ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میں جرمنی کی اینجلیق کربر کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ہانگ کانگ میں ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز فائنل میں سربیا کی نامور ٹینس سٹار جیلینا جانکووچ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جرمنی کی اینجلیق کربر کو پہلے سیٹ میں 3-6 کی شکست کے باوجود اگلے دونوں سٹریٹ سیٹس میں 7-6(7-4) اور 6-1 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اس کامیابی کے بعد جیلینا جانکووچ کے ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز کی تعداد 15 ہوگئی۔ ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد سربین کھلاڑی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں اور اس فتح کے بعد انکے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میچ میں جرمن سٹار اینجلیق کربر نے آسٹریلین پلیئر سمانتھا سٹوسر کو جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں سربین پلیئر جلیناجانکووچ نے وینس ولیمز کو زیر کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
جلیناجانکووچ نے ہانگ کانگ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا
Oct 20, 2015