اسلام آباد/ ملتان(نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2018ءتو بہت دور ہے نواز شریف کو ابھی پانامہ لیکس کا جواب دینا ہو گا، میاں صاحب نے چوری نہیں کی تو تلاشی میں کیا حرج ہے؟ سڑکیں بنانے اور فیتے کاٹنے سے لوگ پانامہ والی کرپشن کو بھول نہیں سکتے، میں ایک کروڑروپے میں فلیٹ لے سکا، حسن نوازنے650کروڑ روپے کاگھر خریدا ہے۔ بنی گالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حسن نوازشریف نے ساڑھے چھ کروڑ کا گھر خریدا ہے جو سارا پیسہ چوری کا ہے جو نوازشریف نے لوٹ کر دیا ہے۔ عمران نے کہاکہ چینی سفیر کو ہم نے بتا دیا سی پیک کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ہم سی پیک کو نقصان نہیں پہنچا رہے اور نہ ہی ہم ایسا چاہتے ہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام سی پیک کے حق میں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اربوں روپے کی کرپشن میں پکڑے گئے۔ سپریم کورٹ یہ معاملہ دیکھے۔ سپریم کورٹ میں پانامہ کی سماعت بھی ہونی چاہیے جو نواز شریف کی کرپشن کے ثبوت ہیں۔ پاکستان بچانا ہے تو کرپشن ختم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ میں اکیلا نہیں ہوں میرے ساتھ پورے ملک کے عوام ہیں بلکہ میں تو یہ کہوں گا کہ جو احتساب سے خوفزدہ ہیں وہ لوگ نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ اسلام آباد میں انسانوں کا سمندر جمع ہوگا۔ عمران خان نے کہاکہ الیکشن کمشن میں صبح سماعت ہوگی۔ ہمارادھرنا 2 بجے شروع ہوگا۔ نواز شریف کرپٹ مافیا کے سردار ہیں۔ مسلم لیگ (ن)کے انٹرا پارٹی الیکشن سے بڑا مذاق نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم اپنی کرپشن بچانے کے لئے ہم پر فوج بلانے اور سی پیک کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا کرپشن پر جواب نہ دینا غیرجمہوری رویہ ہے، ملک میں کسی سطح پر انصاف نہیں، کرپٹ حکمرانوں کے خلاف احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے، 2 نومبر کو پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے، نواز شریف استعفیٰ دینگے یا پھر خود کو احتساب کیلئے پیش کرینگے۔ ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ لوگ جمہوریت نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے کھڑے ہیں۔ یہ آپ کی جنگ ہے، سب کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ قبل ازیں ملتان روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہاں تو بادشاہت ہے، الیکشن کی امید تو ہم ان سے لگا ہی نہیں سکتے۔ خیبر پی کے میں ن لیگ کی حکومت صرف ایک خواب ہی ہے اور 2013ءکی طرح دھاندلی کر کے خیبر پی کے میں حکومت بنانا ان کی خوش فہمی ہے۔ علاوہ ازیں حکمران جماعت مسلم لیگ ن کو دھچکا، پنجاب سے دو اہم سیاسی شخصیات حامد یار ہراج اور محمد یار ہراج نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔ حامد یار ہراج اور محمد یار ہراج نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان میں امید کی واحد کرن اور تبدیلی کے علمبردار ہیں۔ علاوہ ازیں عمران نے ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے روکنے کی کوشش کی تو بہت برا ہوگا۔ نواز شریف چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے، پانامہ میں نواز شریف کے ڈاکے کے ثبوت مل گئے ہیں۔ دو تاریخ کو بہت بڑا فیصلہ ہونے جارہا ہے۔ ایک طرف قائد کا پاکستان ہے تو دوسری طرف ڈاکوﺅں کا پاکستان ہے۔ ایک طرف نواز شریف کی بادشاہت ہے دوسری طرف پاکستانیوں کی آزادی ہے۔ کرپشن مافیا کی اندھیری رات اور ڈاکو راج ختم ہونے کو ہے۔ ایک طرف بلاول بھٹو کے انکل اور والد آصف زرداری، نواز شریف اور الطاف حسین ہیں۔ عمران خان آج فیصل آباد جائیں گے جہاں وہ ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔
عمران