چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ جسٹس سید منصورعلی شاہ کاکہناہے کہ انصاف کیلئے ججز دلیری پیدا کریں اورجلد از جلد اور میرٹ پر فیصلے کریں،تاکہ عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیداہو سکیں۔ جوڈیشل افسران کے تربیتی کورس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصور نے ججوں کو دلیری سے فیصلے کرنے اور کسی ڈر اور خوف کو خاطر میں نہ لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جج بننا نوکری نہیں بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کا انعام ہے، ججز خود کو ایسا بنائیں کہ لوگ دیکھ کر انہیں سلیوٹ کریں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ تربیتی سیشن کا مقصد ججز کو چھٹیاں دینا نہیں، بلکہ عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے، ایمانداری سے کام کریں تاکہ عدلیہ پاکستان کا نمبر ون ادارہ کہلائے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بتایا کہ جوڈیشل اکیڈمی میں مجموعی طور پر 1600ججز کی ٹریننگ ہو گی۔