اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام نور خان آڈیٹوریم ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ’’ ایمرجنگ ٹرینڈز اِن ائیر پاور‘‘کے موضوع پر منعقدہ عالمی سیمینا ر کا آغاز ہوا۔ پاکفضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس سیمینار کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے سابق سربراہان ، پاک فضائیہ کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران ،پاکستان میں موجود غیر ملکی دفاعی اور فضائی اتاشی اور مختلف تعلیمی اداروں کے نمایاں افراد بھی اس سیمینار میں موجود تھے۔ائیر مارشل شاہد اختر علوی، ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف (ٹریننگ)نے اس موقع پر افتتاحی خطاب کیا۔ سیمینار میں 18ممالک کی فضائی افواج سے آنے والے مقررین اور آبزورز حصہ لے رہے ہیں۔ اس سیمینا ر کابنیادی مقصددور جدید کے دفاعی مسائل کو سمجھنا اور خصوصاً ایئر پاور کے استعمال کے حوالے سے شرکاء کی باہمی تربیت اور آگاہی ہے۔ علاوہ ازیں اس سیمینا ر کے ذریعے دوست ممالک کے درمیان سفارتی اوردفاعی تعلقات اور تعاون کو بڑھانے میںبھی مدد ملے گی۔