لاہور(وقائع نگار خصوصی) ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لا افسران کی سیاسی وابستگیوں کی بجائے میرٹ پر تعیناتیوں کا طریقہ کار وضع کرنے اور لا افسران کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکنے کے لئے دائر درخواست سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ بیس اکتوبر کو آئینی درخواست کی سماعت کریں گے۔ یہ درخواست شعیب سلیم کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ان کے آفس میں لا افسران کا عہدہ آئینی نوعیت کا ہے مگر تعیناتیوں کا طریقہ کار ہی موجود نہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ سیاسی وابستگی رکھنے کی بنا پر سرکاری وکیل خاور اکرام بھٹی کی جانب سے پولیس افسر کو تھپٹر مارنے کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔