راولپنڈی(نیوزرپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سلیمان بیگ کے رخصت پر ہونے کے باعث صوبائی وزیر شجاع خانزادہ خود کش حملہ کیس سمیت دیگر کیسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے آئندہ تاریخ پیشی تک ملتوی کر دی گئی ۔صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ خود کش حملہ میں ملوث کالعدم تنظیم کے راہنما ملزم قاسم معاویہ کیس کی سماعت یکم نومبر تک ملتوی کر دی ہے ، ملزم کو عدالت میں سخت حفاظتی اقدامات میں پیش کیا گیا، دھماکہ خیز مواد برآمد ہونے کے مقدمے میں ملوث ملزم شاہین طالبانی کیس کی سماعت 2نومبر تک ملتوی ہوئی۔ ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی فورس حکام نے الگ الگ مقدمات درج کئے،تھانہ اٹک صدر میں درج قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم شمس الرحمان کیس کی سماعت 25اکتوبر، تھانہ کلر سیداں میں درج قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم اسرار وغیرہ کیس کی سماعت 3نومبر جبکہ تھانہ چواء سیدن شاہ میں درج قتل کے مقدمے میں ملوث ملزمان انیس اسلم اور فیاض کیس کی سماعت 26اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔