اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے منڈی بہاﺅالدین کے علاقہ میں فوجی جوان کے قتل میں ملوث چار ملزموں کو ناکافی شواہد کی بنا پر بری کرنے کا حکم جاری کردےا ہے۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو عدالت کو آگاہ کےا گےا کہ ملزمان پر منڈی بہاﺅالدین میں اکرم نامی فوجی جوان کو 2004 ءمیں قتل کرنے کا الزام تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ اپنا کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا جبکہ واقعہ کا زخمی گواہ چودہ گھنٹے بعد سامنے آیا اور استغاثہ کی جانب سے میڈیکل رپورٹ میں کہانی بنائی گئی،۔ دوران سماعت جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہاکہ کئی مقدمات میں دیکھا کہ اہلکار چھٹی پر آئے اور قتل ہوگئے، دوران سماعت ملزمان کے وکیل چوہدری ارشد چکرا کر گر گئے عدالت کے حکم پر کمرہ عدالت میں ہی چوہدری ارشد کا طبی معائنہ کیا گیا تو جسٹس آصف کھوسہ نے فاضل وکیل سے مکالمہ میں کہاکہ آپ کیس جیت گئے ہیں جا کر آرام کریں، دوران سماعت ایڈیشنل پراسیکیوٹر پنجاب محمد جعفر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ کے ایک شریک ملزم فرید کا کوئی پتا نہیں کہاں ہے جسٹس آصف کھوسہ نے کہاکہ پہلے بھی کچھ لوگوں کو بری کیا جا چکا ہے جو وفات پا چکے تھے، ایسے واقعات عدالتی نظام پر سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔