ٹورنٹو،نئی دہلی (نیٹ نیوز+آئی این پی) کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو ہندوﺅں کو مذہبی تہوار پر ’دیوالی مبارک‘ کہنے کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔جسٹن ٹروڈو نے دو روز قبل ٹوئیٹر پر دیوالی کی ایک تقریب میں شرکت کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہندوﺅں کو ’دیوالی مبارک‘ لکھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر موجود ہندوﺅں کی ایک بڑی تعداد نے جسٹن ٹروڈو کی ’مبارکباد‘ پر خوشی کے بجائے ناراضی کا اظہار کیا۔ ہندوﺅں کا کہنا تھا کہ ’مبارکباد‘ کا لفظ مسلمان استعمال کرتے ہیں جب کہ ہندو ’ش±ب دیوالی‘ کہتے ہیں۔جسٹن ٹروڈو کو نہ صرف 'دیوالی مبارک کہنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا بلکہ شیروانی پہن کر دیوالی کی تقریب میں شرکت پر بھی کچھ لوگ ناراض نظر آٓئے۔تاہم کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنہوں نے جسٹن ٹروڈو کو انسانیت کی بہترین مثال قرار دیا۔دریں اثناہندوﺅں کے مذہبی تہوار دیوالی پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے علاج کے منتظر تمام پاکستانیوں کو طبی ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سشما سوراج نے لکھا دیوالی کے اس پرمسرت موقع پر بھارت تمام زیر التوا کیسز میں طبی ویزے جارے گا۔اپنی ٹوئیٹ میں سشما نے پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کو ٹیگ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ علاج کے منتظر پاکستانی مریضوں کو ویزے جاری کیے جائیں۔