ڈنمارک(آن لائن) تحریک کشمیر یورپ ڈنمارک کے زیراہتمام آ ج جمعہ کو ڈینش پارلیمنٹ میں کشمیر کانفرنس منعقد ہوگی کانفرنس کے مہمان خصوصی صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان ہونگے۔ کانفرنس سے آزاد خطے میں قائم آزاد کشمیر کی تمام قومی اور دینی جماعتوں اور حریت کانفرنس کے قائدین پر مشتمل مشترکہ پلیٹ فارم آل پارٹیز کشمیر رابطہ کونسل کے کنونیر اور ممبر اسمبلی عبد االرشید ترابی ، حریت کانفرنس کے کنوےنیئر غلام محمد صفی، تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، جنرل سیکرٹری انصر منظور حسین ۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، کشمیری امریکن کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امتیاز خان، یورپ کے مختلف ممالک سے کشمیری رہنما ممبران پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے سرکردہ رہنما خطاب کر یں گے ۔ کانفرنس کا موضوع مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں اور کشمیریوں کا حق خودارادیت ہے اور یورپین ممالک مسئلہ کشمیر حل کرانے میں کیا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کانفرنس کی میزبانی ڈینش ممبر آف پارلیمنٹ زین سٹیمپ کریں گی۔ کانفرنس کے تمام ارکان 22 اکتوبر بروز اتوار کو عوامی جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ ادھر مقبوضہ کشمیر کے حالات، بھارتی مظالم اور کشمیریوں کی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ تحریک کشمیر ڈنمارک کے قائدین نے ایک انتظامی اجلاس میں کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر کے حالات کا تقاضا ہے کہ دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے کے حالات ، بھارت کے ہتھکنڈوں اور ناپاک عزائم کوعالمی برادری کے سامنے لایا جائے کہ بھارت خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔ کشمیری عوام کی مسلسل قربانیوں سے مسئلہ اس قدر اجاگر ہوچکا ہے کہ اس کے پر امن حل پر توجہ دی جائے۔ اقوام متحدہ کو مداخلت کرنا ہوگی بھارت کو مذاکرات کے میز پر لایا جائے اور مسئلہ کے اصل فریق کشمیریوں کو اعتماد میں لیا جائے۔