لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+ خبرنگار)پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 373 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی۔ ابوظہبی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے بابراعظم 99 اور سرفراز احمد کے 81 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جس کے باعث آسٹریلیا کو ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 538 رنز کا ہدف ملا تاہم آسٹریلوی ٹیم 164 رنز ہی بناسکی۔چوتھے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلن بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور آدھی ٹیم کو صرف 78 رنز پر ہی پویلین بھیج دیا ۔ یاسر شاہ نے محمد عباس کے ساتھ مل کر آسٹریلیا کے 9 کھلاڑیوں کو 164 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ہیڈ چھتیس ‘لیبو شینگی تینتالیس‘مچل سٹارک اٹھائیس رنز بناکر نمایاں رہے ۔آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہ آسکے۔ محمد عباس نے دوسری اننگز میں پانچ شکار کئے ۔یاسر شاہ نے تین اور میر حمزہ نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا ۔ چھ آسٹریلوی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 145 رنز ہی بناسکی۔قومی ٹیم کی جانب سے دونوں اننگز میں 5،5 وکٹیں حاصل کرنے والے محمد عباس کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے میچ جیتنے قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے میچ جیت کر قوم کو خوشیاں دی اور کامیابی کھلاڑیوں کی محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم 20 سیریز میں بھی آسٹریلیا کو شکست دیگی۔373 رنز سے فتح پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے۔ پاکستان نے چار سال قبل اسی گراو¿نڈ پر آسٹریلیا کو 356رنز سے شکست دی تھی لیکن 373 رنز سے کامیابی کے ساتھ ہی نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ آسٹریلیا کرکٹ کی تاریخ کی رنز کے اعتبار سے چوتھی سب سے بڑی شکست ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بدترین شکست کا ریکارڈ بھی آسٹریلین ٹیم کے نام ہے جب 1928 میں ڈان بریڈ مین کی آسٹریلین ٹیم کو 675 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ یہ آسٹریلیا کی ایشیا میں لگاتار چھٹی سیریز ہے جس میں وہ کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ آخری بار 2011 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ اس دوران آسٹریلیا نے ایشیا میں 17 ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے 13 میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
کرکٹ میچ