اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت نیوز) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطہ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے افغان تنازعہ کا خاتمہ لازمی ہے۔ وزیر خارجہ نے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے گزشتہ روز بات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے قندھار میں دہشت گردوں کے حملہ کے نتیجہ میں گورنر اور حکام کی ہلاکت پر ان سے تعزیت کی اور کہا کہ دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ ہم خطہ میں پائیدار اور دائمی امن کے قیام کیلئے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ افغان وزیر خارجہ نے پرامن اور کامیاب انتخابات کے انعقاد کی راہ میں حائل مشکلات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملک افغانستان میں قیام امن اور کئی دہائیوں سے جاری تنازعہ کے خاتمہ کیلئے مل کرکام کرتے رہیں گے۔ شاہ محمود قریشی سے عراقی سفیر ڈاکٹر علی یاسین محمد کریم نے ملاقات کی جس میں وزیرخارجہ نے ہزاروں پاکستانی زائرین کی عراق جانے کیلئے ویزا کے معاملے پر بات چیت کی۔ وزیرخارجہ سے ملاقات میں عراقی سفیر نے اپنی حکومت کے جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شاہ محمود قریشی سے سپین کے سفیر کارلوس مائیلس نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری پر سفیر کی خدمات کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے عراقی ہم منصب ابراہیم الحافری سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ نے زائرین کو درپیش ویزا مسائل سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا ابھی بھی بڑی تعداد میں زائرین ویزے کے منتظر ہیں۔ وزیر خارجہ نے 41 ہزار زائرین کو ویزے جاری کرنے پر عراقی سفارتخانے کی کوششوں کو سراہا۔ عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں مضبوطی آئے گی۔ عراقی ہم منصب نے شاہ محمود قریشی کو دورہ عراق کی دعوت دی۔
شاہ محمود /ملاقات