اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+آئی این پی) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے برطانوی وزارت داخلہ کے حکام سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق اسحٰق ڈار نے حکام کو بتایا کہ ان کا پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا ہے۔ میڈیکل گراؤنڈ پر برطانیہ میں رہائش پذیر ہوں۔ ملاقات میں اسحٰق ڈار نے اپنے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی دکھائے۔نجی ٹی وی کے مطابق سا بق وزیر خزا نہ اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی گئی۔نجی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ وہ گزشتہ دنوں لندن میں ہوم آفس کے دفتر انٹرویو کیلئے بھی گئے تھے۔اس حوالے سے اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے والد پاسپورٹ کی منسوخی کے باعث وزارت داخلہ کے آفس گئے تھے، ان کو برطانیہ میں قیام کی اپنی پوزیشن واضح کرنی تھی،اسحاق ڈار نے ہوم آفس میں اپنی میڈیکل رپورٹس پیش کیں، علی ڈار نے بتایا کہ ہوم آفس اہلکار نے والد کے ساتھ تصویر بنائی، ہوم آفس اہلکار کی والد کے ساتھ تصویر سیاسی پناہ کی درخواست کا ثبوت نہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم کے معا ون خصو صی برا ئے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ ہمیں اسحاق ڈار کی اس قسم کی خبر سے حیرت نہیں ہورہی، تاہم ان کی سیاسی پناہ سے متعلق درخواست کی تصدیق ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔نیب نے اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا ہے،نیب نے اسحاق ڈارکو انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔
اسحاق ڈار کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں سیاسی پناہ کی درخواست دی: ذرائع تصدیق نہیں ہوئی: شہزاداکبر
Oct 20, 2018