اسلام آباد (نیٹ نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں تبدیلی کے نام پر تباہی آ رہی ہے۔ انہوں نے گیس قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن حکومت کا ایک اور عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام دشمن حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم آج گرا یا ہے۔ ہر گزرتا دن ثابت کررہا ہے کہ عوام دشمن حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے عوام نے سکون کا سانس نہیں لیا۔ عوام دشمن حکومت کے گیس مزید مہنگا کرنے سے صنعتی ، کاروباری اور تجارتی حلقوں میں روزگار کا قتلِ عام کیا گیا ہے۔ عوام دشمن حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ حکومت کو اپنی 60 روزہ عوام دشمنی کا جواب 14 اکتوبر کو مل گیا۔اس کے باوجود حکومت کے ظالمانہ اقدامات میں مزید شدت آگئی ہے۔ عوام دشمن حکومتی پالیسیوں نے کسان ، محنت کش اور مزدور کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ یہ ظلم بند نہ ہوا تو مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام سڑکوں پر ہوں گے۔
ملک میں تبدیلی کے نام پرتباہی آ رہی ہے: مریم اورنگزیب
Oct 20, 2018